موڈیز کی پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کی معاشی شرح نمو میں کمی کی پیش گوئی
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کی معاشی شرح نمو میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے تباہ کن پھیلاؤ کے باعث معاشی سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں، عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی تازہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو 2 اعشاریہ 5 فی صد رہے گی۔ دسمبر میں موڈیز نے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.9 فی صد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
موڈیز نے چین، جاپان، ملائیشیا، ویتنام کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی کی پیش گوئی کی ہے، فلپائن، ہانگ کانگ، سنگاپور، نیوزی لینڈ کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی ہوگی۔ موڈیز کے مطابق کمی کی وجہ طلب میں کمی، کراس بارڈر ٹریڈ اور سپلائی چین میں تعطل ہے۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ برآمدات میں کمی بھی معاشی شرح نمو میں کمی کی بنیادی وجہ ہے، خام تیل کی قیمت میں کمی آئل برآمد کرنے والے ممالک کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔ موڈیز نے جاپان کی معاشی شرح نمو صفر رہنے کی بھی پیش گوئی کر دی ہے، مجموعی طور پر ایشیا کی معاشی شرح نمو 2.8 فی صد رہے گی۔
خیال رہے کہ دسمبر میں موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم کر دیا تھا، موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بی 3 پر برقرار رکھی تاہم پہلے آؤٹ لک منفی تھا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.