ون ڈے سیریز، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ہرا کر کلین سوئپ مکمل کرلیا
جوز بٹلر کی شاندار اور 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سیریز کے آخری ون ڈے میں ایک وکٹ سے ہراکر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 35ویں اوور میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اُن کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 56،شارٹ نے 47 اور کیرے نے 44رنز اسکور کیے، معین علی نے چار اور کارن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، 114رنز پر اُس کی آٹھ وکٹیں گرگئیں، اس موقع پر جوز بٹلر ایک اینڈ پر ڈٹ گئے، اُن کا ساتھ دیا عادل راشد نے، دونوں نے نویں وکٹ پر 81 رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کے قریب کردکھایا۔
عادل راشد 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بٹلر نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 110رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 49ویں اوور میں وننگ شاٹ لگاکر ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلادی۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز پانچ صفر سے اپنے نام کرکے کلین سوئپ بھی مکمل کیا۔
Email This Post