ٹک ٹاک کی بندش کا معاملہ زیر غور ہے، چیئرمین پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں سماجی رابطے کی موبائل ایپلیکشن ٹک ٹاک کی سروس بند کرنے کے معاملے پر غور شروع کردیا گیا۔
ٹک ٹاک ایک ایسی موبائل ایپ اور پلیٹ فارم ہے جس میں صارف اپنے پسندیدہ گانوں یا جملوں کا انتخاب کر کے صرف ہونٹ ہلا کر اپنی ویڈیو ریکارڈ کرتا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ ایک برس کے دوران ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق ملک بھر میں چالیس ہزار سے زائد صارفین یہ ایپ استعمال کررہے ہیں۔
کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز بنانے والے صارفین مشہوری کے لیے تہذیب کا دامن ہاتھ سے چھوڑ رہے ہیں۔ یہ افواہ بھی زیرگردش تھی کہ حکومت نے 10 جنوری سے ملک بھر میں موبائل ایپ کی سروس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزرا اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے سروس کی بندش کے حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید نے اے آر وائی کے نمائندے کو تصدیق کی کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے پاس ٹک ٹاک سروس کی بندش کا کیس زیر غور ہے جس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
موبائل رجسٹریشن
چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ موبائل رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 جنوری تک توسیع کردی گئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی ہدایت کے بعد ہی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی جس کے بعد اسمگل شدہ ڈیوائسز بلاک ہوجائیں گی۔
قبل ازیں اعلان کیا گیا تھا کہ نان کمپلائنٹ موبائل 31 دسمبر کے بعد مواصلاتی کام کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے اور مستقبل میں صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ فون ہی مارکیٹ میں فروخت کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ حکومت نے موبائل فون کی غیر قانونی اسمگل روکنے اور اسمارٹ ڈیوائسز کی چوری کو کم کرنے کے لیے ڈی آئی آر بی ایس سسٹم متعارف کرایا تھا جس کے تحت صارف اپنا موبائل رجسٹرڈ کراتا ہے۔
موبائل فون رجسٹریشن کے تین طریقہ کار
- پہلا ایس ایم ایس کے ذریعے
- دوسرا موبائل (اینڈائیڈ) ایپلیکیشن کے ذریعے
- تیسرا ویب سائٹ کے ذریعے
رجسٹریشن کا طریقہ
اپنے موبائل کا IMEI نمبر چیک کرنے کے لیے *#06#ڈائل کریں اور اسکرین پر لکھے نمبر کو میسج میں لکھ کر 8484 پر بھیجیں، اسی طرح ان نمبرز کو ویب سائٹ اور اینڈرائیڈ ایپلیکشن پر بھی چیک کیا جاسکتا ہے۔
تینوں طریقوں سے رجسٹریشن چیک کرنے پر پی ٹی اے کی جانب سے صارف کو جواب میں درج ذیل میں سے کوئی ایک پیغام موصول ہوگا۔
پہلا: آئی ایم ای آئی کمپیلینٹ (IMEI Compliant) یعنی صارف کا موبائل نیٹ ورک سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہے، یہ موبائل بلاک نہیں ہوگا۔
دوسرا: ویلڈ آئی ایم ای آئی (Valid IMEI) یعنی صارف کے موبائل کا IMEI کوڈ GSMA سے تصدیق شدہ ہے مگر PTA میں اس کا کوئی ریکارڈ نہیں لہذا اسے رجسٹرڈ کروائیں وگرنہ یہ 20 اکتوبر کے بعد قابل استعمال نہیں ہوگا۔
تیسرا: ان ویلڈ آئی ایم ای آئی (Invalid IMEI) یعنی صارف کا موبائل GSMAاور PTA دونوں سے رجسٹرڈ اور منظور شدہ نہیں ہے کیونکہ آپ جعلی IMEI والا موبائل استعمال کررہے ہیں جو 20 کے بعد کالنگ کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔
گوگل پلے اسٹور ایپلیکشن لنک: https://play.google.com/store/apps/details?id=pk.gov.dirbs.dvspublic …
ویب سائٹ لنک: https://dirbs.pta.gov.pk/
موبائل ایپلیکیشن یا ویب سائٹ کے ذریعے تصدیق کرنے والے صارفین اپنا IMEI نمبر ایپلیکیشن کے سرچ باکس میں لکھ کر submit کا بٹن دبائیں۔
Email This Post