پاکستان اوربھارت کے کبڈی کھلاڑی ایک بار پھر اس ثقافتی کھیل کے میدان میں زور آزمائی کریں گے۔ انٹرنیشنل کبڈی کے فائنل میچ میں روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ زندہ دلان شہر لاہور میں ہوگا۔ جنوری کے مہینے میں جو عموما سرد موسم کے عروج کا مہینہ ہے لیکن اس میچ کے دوران میدان میں اور تماشائیوں کے اندر کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔ قومی کھلاڑیوں اورہند کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی لاہور کے روایتی کھانوں سے خوب آو بھگت کی گئی۔مقامی ہوٹل میں صبح کے ناشتے کا خصوصی اہتمام کیا گیا جسے مہمان کھلاڑیوں نے خوب سراہا اور اس خوبصورت میزبانی کا شکریہ ادا کیا۔ انٹرنیشنل کبڈی میچ میں ابھی تک پاکستانی کھلاڑی کو سبقت حاصل ہے مگر مہمان کھلاڑی فائنل میچ میں اس دورے کو خوشگوار اور یادگار بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔قبل ازیں پرتکلف ناشتے کے بعد کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں آکر اتنا پیار اور مان سمان ملا ہے کہ پرائے دیس کا گمان بھی نہیں رہا۔آج ٹورنامنٹ کے آخری روز دو مقابلے ہوں گے ۔پہلا مقابلہ پاکستان وائٹس اور ایرانی کھلاڑیوں کے مابین ہو گا جبکہ ٹورنامنٹ کافائنل پاکستان گرین اور ہندوستانی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔