برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ آج ہوگی

 برطانوی پارلیمنٹ میں آج بریگزٹ پر ووٹنگ ہوگی، وزیراعظم تھریسامے آج ایک بار پھر برطانوی پارلیمان کو یورپ سے علیحدگی کے مجوزہ معاہدے کی حمایت کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے تجویز کردہ بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ آج ہوگی، ووٹنگ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ برطانیہ یورپی یونین سے علیحدگی کے وقت مجوزہ معاہدے پر عمل پیرا ہوگا یا نہیں۔

سیاسی ماہرین کے مطابق پارلیمان میں بریگزٹ پر ووٹنگ کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم تھریسامے پر سخت دباؤ ہے اور اگر تھریسامے ہار جاتی ہیں تو وہ یہ راستہ اپنا سکتی ہیں کہ ڈیل دوبارہ پاس کروائی جائے یا نو ڈیل کا راستہ اختیار کیا جائے، بریگزٹ کو روکنا بھی امکانات میں شامل ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، 1945ء کے بعد سے یہ برطانیہ کا سب سے بڑا سیاسی بحران ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی ارکان پارلیمان نے رواں ماہ 9 تاریخ کو ہونے والی قرارداد کو 297 کے مقابلے میں 308 ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کردیا تھا جس میں بریگزٹ ڈیل پر کل ہونے ہونے والی پارلیمانی ووٹنگ ممکنہ طور پر ناکام رہنے کے بعد پارلیمانی فیصلہ سازی کا طریقہ کار بدلنے کی بات کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل برطانیہ میں پیلی جیکٹ پہنے مظاہرین سڑکوں پر آگئے تھے اور وزیراعظم ہاؤس کے باہر بریگزٹ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اپوزیشن رہنما جریمی کوربن کے حامی بھی احتجاج میں شریک ہوئے تھے اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ جون 2016 میں برطانوی عوام نے 46 برس بعد دنیا کی سب سے بڑی سنگل مارکیٹ یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بریگزٹ کے حق میں 52 فیصد اور اس کے خلاف 48 فیصد ووٹ دیے تھے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.