اگلے ماہ سے وائس آف پنجاب کے انعقاد کا اعلان
صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وائس آف پنجاب کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس میں نئے گلوکاروں کو سامنے لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ 2 مارچ سے وائس آف پنجاب کا انعقاد ہوگا۔ گلوکاری اور میوزک کے شعبے میں سریلے اور نئے چہروں کی تلاش کریں گے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بہتر انداز میں وائس آف پنجاب پروگرام کریں گے، پنجاب میں ہر جگہ سے عام آواز تلاش کریں گے۔ نئی نور جہاں، نیا نصرت فتح علی خان اور راحت فتح علی خان تلاش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سو فیصد میرٹ پر کام ہوگا۔ 2، 3 اور 4 مارچ کو 4 زونز میں آڈیشنز ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں فن و ثقافت کے فروغ کے لیے نہایت سرگرم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات کیے جاچکے ہیں۔
چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری بھی دی تھی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔
دوسری جانب ملکی سطح پر خطے کے 3 ہزار سالہ تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ایک اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو ملک بھر میں 15 ثقافتی تقاریب کے انعقاد کا شیڈول پیش کیا گیا تھا جس کی وزیر اعظم نے منظوری دے دی تھی۔
ان ثقافتی تقاریب میں قوالی فیسٹیول، پاکستان کلچرل کارنیول، شندور پولو فیسٹیول، کرتار پور فیسٹیول، چولستان جیپ ریلی، فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول، فلم فیسٹیول، جشن اقبال اور فوک فیسٹیولز شامل ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور عوام کو معیاری تفریح کے مواقع میسر ہوں گے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.