کے پی حکومت نے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں
خیبر پختونخواہ حکومت نے دنیا کے بلند ترین مقام پر منعقد ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں، لواری ٹنل کو مسلسل کھلا رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت کے سینئر وزیر عاطف خامن نےفیسٹیول کی تیاریوں کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس منفرد ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ چین ، تاجکستان اور افغانستان سے بھی پولو کے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے۔
اس موقع پر سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کوراغب کرنےکےلیےنمایاں اقدامات کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے، پی آئی اے سے فیسٹیول کے دنوں میں چترال کے لیے روزانہ ایک پرواز چلانے کے لیے بات کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چترال تک بائی روڈ آنے والے سیاحوں کی آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے لواری ٹنل کو کھلا رکھا جائے گا۔
شندور پولو فیسٹیول گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کا مشترکہ میلہ ہے جو ہر سال جولائی میں منایا جاتا ہے۔ یہ میلہ دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں منایا جاتا ہے۔ اس میلے میں چترال اور غذر گلگت بلتستان سے پولو کے مایہ ناز کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ جس گراؤنڈ میں پولو فیسٹیول منعقد ہوتا ہے اس کی تعمیر سنہ 1935 میں برطانوی راج کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے پولیٹیکل ایجنٹ میجر ای۔ ایچ کاب نے اس علاقے کے حاکم نیت قبول حیات کاکاخیل کو شندور کے مقام پر ایک عظیم الشان پولوگراونڈ تعمیر کرنے کا حکم دیا۔
اس وقت پولوگراونڈ کو’مس جنالی ‘کا نام دیا گیا۔ یہ کھوار زبان کے الفاظ کا مرکب ہے، جس کے معنی’چاندی رات میں کھیلنے کی جگہ‘ کے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.