پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والا کون؟
پاکستان سپر لیگ 4 کے 15 ویں میچ میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کھلاڑی کولن انگرام نے پی ایس ایل فور کی پہلی سنچری اپنے نام کرلی۔
کولن انگرام نے 59 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، خیال رہے کہ انہوں نے 50 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی تھی۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنالیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے پی ایس ایل فور کے 15 ویں میچ میںکولن انگرام نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلتے ہوئے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ کولن انگرام پی ایس ایل میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ انگرام کی 127 رنز کی اننگز ان کے ٹی 20 کیریئر کی بھی سب سے بڑی اننگز ہے۔
اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز شرجیل خان کے پاس تھا، انہوں نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں اسلام آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
شرجیل خان نے پشاور زلمی کے خلاف 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
پی ایس ایل میں اب تک 4 مرتبہ سنچریاں اسکور ہوچکی ہیں جن میں ایک انگرام، ایک شرجیل خان جبکہ 2 مرتبہ کامران اکمل نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
کولن انگرام نے اپنی اننگز کے دوران پی ایس ایل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 8 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا اس سے قبل عمر اکمل، شرجیل خان، کیون پیٹرسن اور کامران اکمل بھی ایک اننگز کے دوران 8 چھکے لگا چکے ہیں۔
انگرام کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی، انگرام کے برق رفتار 100 رنز نے کراچی کنگز کے لیے ہدف کا حصول آسان بنادیا، شاندار بیٹنگ پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.