’’گلف فوڈز‘‘ دبئی میں پاکستانی تجارتی وفود کی پذیرائی ،اسٹالز پر غیرملکی تاجروں کا ہجوم

دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے غیر ملکی تاجروں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، فیصل انیس مجید

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے رائس کے ڈپٹی کنوینر اور بومبیز گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل انیس مجید نے کہا ہے کہ دبئی میں ہونے والی ’’ گلف فوڈز2019‘‘ نمائش میں پاکستانی تجارتی وفود کو زبردست پذیرائی ملی ہے ،اسٹالز پر غیرملکی تاجروں کا ہجوم رہاخاص طور پر غیرملکی تجارتی وفود نے پاکستانی تاجروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس میٹنگ میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔نمائش میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی تاجروں کی غیرملکی تجارتی وفود کے ساتھ میٹنگز کامیاب رہیں جس میں دوطرفہ تجارت کوفروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے اپنے ملکوں میں دستیاب مواقعوں سے آگاہ کیا گیا.

فیصل انیس مجید نے کہاکہ غیر ملکی تاجروں نے پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا جن میں کینیڈا، آسٹریلیا اور سنگاپور سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔

ان ممالک نے پاکستان کو مختلف اجناس برآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیااوران کا کہناتھا کہ بھارت نے دالوں کی درآمد پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کا فائدہ پاکستان کو اٹھانا چاہیے کیونکہ پاکستان ملکی طلب کوپورا کرنے کے لیے وافر مقدار میں دالیں درآمدکرتا ہے لہٰذاپاکستانی تاجروں کو کینیڈا، آسٹریلیا اور سنگاپور سمیت دیگر ممالک میں تجارت کے مواقعوں کاجائزہ لینا چاہیے۔غیرملکی تجارتی وفو د کے پاکستان آنے کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل انیس مجید نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کوآگے بڑھایا جاسکے اور ملکی برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہو۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.