مصباح الحق نے ٹی 20 میں شاندار اور حیران کن ریکارڈ بنا دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کیخلاف شاندار جیت حاصل کی جس کا سہرا مصباح الحق کے سر جاتا ہے جنہوں نے ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کیا۔

44 سال اور 282 دن کے مصباح الحق نے اس میچ میں 55 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر ناصرف اپنی ٹیم کو میچ جتوایا بلکہ وہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں نصف سنچری کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ پشاور زلمی نے یہ میچ صرف اور صرف مصباح الحق کے تجربے اور مہارت کی بنیاد پر جیتا کیونکہ جب وہ بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے تو پشاور زلمی کے 5 کھلاڑی صرف 20 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

 مصباح الحق نے کپتان ڈیرین سیمی کیساتھ مل کر ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں چھٹی وکٹ کی اب تک کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ مصباح الحق کے کیرئیر کا یہ 161 واں میچ تھا اور انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران 34.04 کی اوسط سے 3473 رنز بنائے رکھے ہیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 116.54 ہے۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.