سافٹ بال کے کیلنڈر 2019 کا اعلان کردیا گیا
اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیراور پاکستان میں سافٹ بال کی ایمبیسڈر فریال علی گوہرنے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے رواں سال شیڈول ایونٹس کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔
اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیراور پاکستان میں سافٹ بال کی ایمبیسڈر فریال علی گوہرنے ندیم عمر، ڈاکٹر فرحان عیسی اور فیڈریشن کی چیئرپرسن تہمینہ آصف کے ہمراہ کراچی جیمخانہ میں منعقدہ پریس بریفنگ میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے رواں سال شیڈول ایونٹس کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔
اس موقع پرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیوکمیٹی کے رکن سیّد وسیم ہاشمی، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمدعلی راجپوت، ڈیم انٹرپرائز کے سی ای او امین مرچنٹ، فیڈریشن کے صدر حیدرخان لہڑی، سیکریٹری جنرل آصف عظیم اور نائب صدر محمدذیشان مرچنٹ بھی موجود تھے۔
فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم نے رواں سال میں ہونے والے ایونٹس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 26 سے 28 اپریل کوسندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے حیدرآباد میں انٹرڈویژنل ویمنزفلڈ لائٹ سافٹ بال چیمپئن شپ منعقد ہوگی ، 13 جون کودنیائے بھرمیں منائے جانے والے ورلڈ سافٹ بال ڈے کی مناسبت سے کراچی میں سی ویوکلفٹن پر پہلے بیچ سافٹ بال فیسٹیول کاانعقاد کیا جائیگا، جولائی میں تھائی لینڈ میں شیڈول ایشیاء امپائرنگ کورس میں پاکستان کے امپائرزحصّہ لیں گے۔
پہلی عیسی لیبارٹریزانٹراسکول سافٹ بال چیمپئن شپ 18 تا 24 جولائی کو کراچی میں منعقد ہوگی ، کراچی میں ہی 20 تا 24 اگست سافٹ بال ایشیاء پاکستان کوچنگ کلینک کا انعقاد ہوگا، اس میں انٹرنیشنل کوالیفائیڈ کوچز پاکستانی کوچز اور کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، 26 سے 28اگست تک 15ویں قومی خواتین سافٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی بھی کراچی کریگا۔
ستمبر میں مردوں کی چیمپئن شپ خیبرپختونخواہ کے شہر ایبٹ آبادمیں منعقد ہوگی، اکتوبر میں عمرایسوسی ایٹس انٹرسٹی سافٹ بال لیگ کراچی میں ہوگی، اس میں لاہور، کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد اور میزبان کراچی کی ٹیمیں شرکت کریں گی، لیگ میں شامل ہرٹیم کیلیے سافٹ بال کھیلنے والے مختلف ممالک سے دو انٹرنیشنل پلیئرز کوشامل کیا جائے گا ، دبئی اور ملائیشیا سے غیر ملکی کوچز اور امپائرز کو پاکستان میں مدعو کیاجائیگا۔
انڈونیشیا سافٹ بال ایسوسی ایشن نے اکتوبرمیں جکارتہ میں ہونے والے انڈونیشیا اوپن مینزسافٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کو شرکت کی دعوت دی ہے، نومبر میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سولیڈیریٹی ٹیکنیکل کورس برائے کوچز 2019 کے لیے سافٹ بال کے کھیل کا انتخاب کیا گیا ہے جو کہ نومبر میں لاہور میں منعقد کرایا جائے گا، دسمبر میں جونیئر ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ لاہور میں ہوگی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.