دُبئی میں پاکستان اور بھارت کے لیے فلائٹس کی روانگی کا مقام تبدیل کر دیا گیا

فلائی دُبئی کی 42 سے زائد فلائٹس DWC ایئرپورٹس سے روانہ ہوں گی

دُبئی ایئرپورٹ سے پاکستان، بھارت،کویت، سعودی عریبیہ اور دیگر ممالک کی پروازیں پکڑنے والے مسافروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگلے چند روز میں دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے سدرن رن وے کی مرمت کا کام شروع ہونے والا ہے جس کے باعث اس مقام سے شیڈول پروازوں کا مقام بدل دیا گیا ہے۔فلائی دُبئی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 16 اپریل 2019ء سے 30 مئی 2019ء تک دُبئی سے پاکستان، بھارت، سوڈان، مصر، اُردن، کویت، سعودی عرب اور نیپال سمیت 42 مقامات پر بین الاقوامی پروازیں جبل علی میں واقع المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ(DWC ایئرپورٹ) سے روانہ ہوں گی۔فلائی دُبئی کے مطابق کچھ پروازیں جبلِ علی کے ٹرمینل اور دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹس دونوں سے روانہ ہوں گی، جن میں اسکندریہ، بحرین، دمام، جدہ، کابل،کھٹمنڈو، کویت اور مسقط کی فلائٹس بھی شامل ہیں۔

جبکہ ایمریٹس ایئر لائنز کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ سدرن رن وے کی مرمت کے باعث اس ایئر لائنز کی پروازوں کا مقام تو نہیں بدلے گا، البتہ 48 کے قریب جہازوں کو 16 اپریل 2019ء سے 30 مئی 2019ء کے درمیان گراؤنڈ کیا جا رہا ہے۔

جس کے باعث پروازوں کی گنتی میں 25 فیصد کی کمی واقع ہو گی۔ تاہم 30 مئی کے بعد یہ گراؤنڈ کیے گئے طیارے معمول کے مطابق ہی پروازیں شروع کر دیں گے۔ واضح رہے کہ دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی مرمت کے دوران ایسے مسافر جن کی پروازوں کا مقام تبدیل کیا گیا ہے، اُنہیں ٹیکسی کرایوں کی مد میں 75 فیصد چھُوٹ دی جائے گی۔ فلائی دُبئی کی ان فلائٹس میں فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان کے شہری بھی شامل ہوں گے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلائٹ کی روانگی سے کم از کم دو تین گھنٹے پہلے ایئرپورٹس پر پہنچ جائیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.