ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل، 18 اپریل کو ٹیم کا اعلان ہوگا
ورلڈ کپ دو ہزار انیس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب سے پہلے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ لاہور میں مکمل ہوگیا، تئیس کھلاڑیوں نے مختلف طرح کے فٹنس ٹیسٹ دئیے ہیں۔
عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کا ٹکٹ اسے ملے گا جو فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرے گا، محمد نواز نے پیٹرز ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنے کے لیے پہلے ہی ٹیسٹ دے دیا تھا۔
آج باقی بائیس کھلاڑیوں نے یو یو، بلپ اور رننگ ٹیسٹ دئیے، کوچ مکی آرتھر اور ٹرینر گرانٹ لوڈن نتائج مرتب کریں گے، ٹیم کا اعلان اٹھارہ اپریل ہوگا۔
مشن ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، رضوان فٹنس لیول میں 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.