بھارت کو فیفا کونسل کی رکنیت مل گئی، ورلڈ کپ 2026 پر نظریں مرکوز

بھارتی فٹ بال فیڈریشن کے صدر پرافل پٹیل کو فیفا کی طاقتور کونسل کی رکنیت ملنے کے بعد نئی دہلی نے فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کا حصہ بننے کی جانب نظریں مرکوز کر لی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فیفا کونسل کی رکنیت ملنے کے بعد پرافل پٹیل نے امید ظاہر کی کہ اگلے مرحلے میں تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ’بھارت کی کوشش ہوگی کہ فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارتی ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو‘۔

خیال رہے کہ پرافل پٹیل بھارتی فٹ بال فیڈریشن کے صدر ہیں اور حال ہی میں انہیں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کانگریس کی کونسل کی رکنیت ملی تھی۔

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کانگریس کی کونسل میں رکنیت کے لیے ایشیائی وفد میں 6 افراد شامل تھے اور پاکستان سے سید فیصل صالح حیات وفد کا حصہ تھے۔

رواں برس جنوری میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کی 8 سال بعد واپسی سے نئی دہلی کا اعتماد بحال ہوا، تاہم بھارتی ٹیم دوسرے راؤنڈ سے قبل ہی باہر ہوگئی تھی.

پرافل پٹیل نے کوالالمپور میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ ’مجھے ذاتی طور پر بہت خوشی ہے کہ ایشیا کے تمام ممالک کے مقابلے میں بھارت پر غیر معمولی اعتماد کا اظہار کیا گیا اور یقیناً چین کو ‘اے ایف سی’ اور فیفا کے گیمز میں شرکت کرنی چاہیے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ بھارتی ٹیم 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرے‘۔

ادھر پاکستان میں رواں برس جنوری میں خبر آئی تھی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مالی مسائل مزید سنگین شکل اختیار کر گئے ہیں اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے بعد فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے بھی پاکستان فٹبال کو فنڈز کی فراہمی روک دی۔

اشفاق حسین شاہ کی زیر سربراہی پی ایف ایف کی نئی قیادت کے انتخاب کے بعد ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی روک دی تھی، جس کے بعد فیفا نے بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز نہ دینے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب فیفا کے ترجمان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘پی ایف ایف’ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فیفا فارورڈ پروگرام کے تحت فنڈنگ روک دی گئی ہے، ہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔’

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.