ڈالرکی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

انٹربینک میں ڈالر مزید 29 پیسےسستا ہوگیا اور 148.21سےکم ہوکر147.80روپےپرآج کی ٹریڈ نگ بند ہوگئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی قیمت میں کمی آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح سے ہی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری تھا ، آج صبح انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 148.21 پیسے پر ٹریڈ کررہا تھا، کاروباری دن کے اختتام تک اس میں مزید کمی واقع ہوگئی۔

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ دنوں میں کرنسی ڈیلرز نے پانچ کروڑ ڈالر حکومت کے پاس جمع کرائے ہیں تاکہ روپے کو استحکام مل سکے۔

چار روز قبل سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیزایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ ملک میں ڈالرکی خریداری کارجحان کم اورفروخت بڑھ گئی ہے، جس سے آنےوالےدنوں میں روپیہ مستحکم ہوگا اور ڈالر 4 سے 5روپےسستاہوگا۔

حکومت کی جانب سے درآمد کنندگان پرسختی کی گئی ہے، درآمد کنندگان پر سختی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب سےت موخر ادائیگیوں پر تیل ملنے کی خبرسے بھی ڈالرکی قدرمیں کمی آئی ، اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجا جانے والا زرمبادلہ بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا سبب بنا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دن میں ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے تھے جس کے بعد لوگوں نے ڈالر خرید کر رکھنا شروع کردیا، ڈالر کی اس ذخیرہ اندوزی کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 153 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

اس صورتحال نے پاکستانی روپے کو جنوبی ایشیا کی کمزور ترین کرنسی بنادیا تھا، بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش اور افغانستان کی کرنسی بھی پاکستان سے اوپر چلی گئی ہے اور اس سب کے براہ راست اثرات عوام پر منتقل ہورہے ہیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.