’ایک دن اوینجرز میں سپر ہیرو بننے کا موقع ضرور ملے گا‘

بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے کہا ہے کہ وہ مارول سٹوڈیو کی فینٹم سیریز اوینجرز میں انڈین سپر ہیرو بننا چاہتی ہیں۔
انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انھوں نے کہا کہ وہ خود کو مارول سٹوڈیوز کی فلم سے ‘ذاتی طور پر منسلک’ محسوس کرتی ہیں اور انھیں امید ہے کہ انھیں اپنے کیریئر میں ایک دن سپرہیرو کا کردار نبھانے کا موقع ملے گا۔
انھوں نے کہا: ‘امید کرتی ہوں کہ مجھے اپنی زندگی میں اوینجرز میں سپر ہیرو بننے کا ایک موقع ملے گا۔ میرے خیال سے یہی ایک کردار ہے جو میں نے نہیں کیا ہے۔ میں کسی کردار کی جگہ نہیں آنا چاہتی بلکہ میں اوینجرز میں انڈین سپر ہیرو بننا چاہتی ہوں۔’
انھوں نے مزید کہا: ‘مجھے یاد ہے کہ  ‘کیپٹن مارول’ فلم ‘بدلا’ کے ساتھ ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد میں نے اپنی بہن سے کہا کہ اگر میں نے یہ فلم کی ہوتی تو میں کچھ اور ہوتی۔’
31 سالہ تاپسی نے دسویں جاگرن فلم فیسٹیول کے موقعے پر ایک فلم ناقد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ‘آئرن مین’ بہت پسند ہے۔ خیال رہے کہ آئرن مین کا کردار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے ادا کیا ہے۔
جب فلم کریٹک راجیو مساند نے دوران گفتگو انھیں بتایا کہ فلم میں آئرن مین مر جاتا ہے تو تاپسی پنوں نے کہا کہ ‘میں تھیٹر میں رونے لگی۔ میں بہت اداس تھی۔’
جنوبی ہند کے تامل اور تیلگو سینیما سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی تاپسی کی نئی فلم ‘مشن منگل’ کا حال ہی میں ٹریلر لانچ کیا گیا ہے۔ اور انھوں نے اس لانچ کے موقعے کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اداکارہ ودیا بالن ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔
تاپسی نے فلم ‘چشم بد دور’ سے سنہ 2013 میں بالی وڈ میں قدم رکھا لیکن انھیں امیتابھ بچن کی فلم ‘پنک’ سے شہرت اور قبولیت ملی۔ اس کے بعد انھوں نے ‘نام شبانہ’، جڑواں 2’، ‘ملک’، ‘من مرضیاں’ وغیرہ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.