طیفا ان ٹربل نے چین میں بھی دھوم مچا دی
پاکستانی اداکار علی ظفر کی معروف پاکستانی فلم طیفا ان ٹربل نے ’جیکی چن فلم فیسٹیول‘ میں بہترین دس ایکشن فلموں میں جگہ بنا لی۔
نامور گلوکار و اداکار علی ظفر اور مایا علی کی کامیاب فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کو چین کے صوبہ شانشی میں منعقد ہونے والے پانچویں ’جیکی چن انٹرنیشنل ایکشن فلم فیسٹیول ‘میں بہترین ایکشن فلم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
طیفا ان ٹربل کے ہیرو علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’جیکی چین ایکشن فلم فیسٹیول ‘میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے چین میں موجود ہیں۔
علی ظفر نے یہ بھی بتایا کہ فیسٹیول میں نہ صرف ان کی فلم بہترین فلم کے لیے نامزد ہے بلکہ فلم کے ہدایت کار احسن رحیم بہترین ایکشن ہدایت کار اور وہ خود بہترین ایکشن ہیرو کے لیے نامزد ہیں ۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جیکی چن فلم فیسٹول میں شرکت سے لے کر ایوارڈ کی تقریب تک تمام تصاویر انسٹاگرام پر اپلوڈ کیں
پاکستانی اداکار علی ظفر نے جیکی چن فلم فیسٹیول میں شرکت کی تو شائقین کی بڑی تعداد نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور علی ظفر نے بھی مداحوں کے حوصلے کی داد دی ۔
علی ظفر کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق طیفا ان ٹربل کو 5 براعظموں کے 36 ممالک کی 152 ایکشن فلموں میں سے 10 کی فہرست میں طیفا ان ٹربل کو نامزد کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ چین میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لئے فخر کی بات ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم فیسٹیول میں چین اور بیرون ممالک کی ایکشن فلموں کی نمائش کی جاتی ہے اور دنیا بھر سے شرکت کرنے والے فلمسازوں اور فلموں کو ’آئرن مین ایوارڈز‘ سے نوازا جاتا ہے۔
ایکشن، رومانس اور کامیڈی سے بھرپورسپراسٹار علی ظفر اور مایا علی کی سپرہٹ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے باکس آفس میں پچاس کروڑ کا بزنس کیا ہے ۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.