روحیل نذیر انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس کے مطابق ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے۔
قومی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پانچ سے 14 ستمبر تک سری لنکا میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئیں جس کے مطابق شیراز خان اور صائم ایوب کو ڈراپ کر کے ابوہریرہ اور عبدالواحد کو شامل کیا گیا۔
ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت روحیل نذیر جبکہ نائب کپتانی حیدر علی کے سپرد کی گئی۔چیئرمین سلیکشن کمیٹی سلیم جعفر کا کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں انڈر 19 ایشیا کپ کا انعقاد 5 ستمبر سے 14 ستمبر تک کیا جائے گا جس میں ایشیا سے تعلق رکھنے والی 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ برس ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 میں سے 10 میچز میں فتح حاصل کی تھی۔
اسکواڈ میں روحیل نذیر، حیدر علی، عامر علی، ابو ہریرہ، عبدالواحد، اختر شاہ، فہد منیر، محمد عامر، محمد عباس آفریدی، محمد باسط علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور قاسم اکرم شامل ہیں جبکہ متبادل کھلاڑیوں میں جہانزیب سلطان، صائم ایوب، رضا حسن، شیراز خان اور زمان خان شامل ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.