ریحانے کی شاندار بلے بازی اور بمرا کی عمدہ باﺅلنگ، بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیدی
بھارتی کرکٹ ٹیم نے اجنکیا ریحانے کی شاندار بلے بازی اور جسپریت بمرا کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 318 رنز سے شکست دیدی، پہلی اننگز میں 81 اور دوسری میں 102 رنز بنانے والے ریحانے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے۔ اجنکیا ریحانے 81 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور لوکیش راہول نے 44 رنز بنائے جبکہ رویندرا جدیجہ نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 25 اوورز میں 66 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شینن گیبریل نے 3، روسٹن چیز نے 2 اور جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 297 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 222 رنز ہی بنا سکی۔ روسٹن چیز نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے جبکہ جیسن ہولڈر نے 39، شمرون ہیت مائر نے 35 اور شائی ہوپ نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد شامی اور رویندرا جدیجہ نے 2,2 اور جسپریت بمرا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت نے دوسری اننگز میں اجنکیا ریحانے کی عمدہ سنچری کی بدولت 343 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 418 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم صرف 100 رنز پر ہی آﺅٹ ہو گئی۔ جسپریت بمرا نے شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا اور بھارت نے یہ میچ 318 رنز سے جیت لیا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.