موجودہ حکومت انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے: مشیر تجارت
وفاقی مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے موجودہ حکومت انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عبدالرزاق داؤد نے کراچی میں ایک الیکٹرک کمپنی کی تقریب سے خطاب میں خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان کا رواں کھاتوں کا خسارہ کم ہورہا ہے برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ درآمدات میں کمی ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل کے علاوہ انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات پر بھی توجہ ہے، پاکستان اسٹیل ملز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے گا۔
پاک چین اقتصادی راہداری کو منجمند کرنے کے سوال پر عبدالرزاق داود کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے ملک میں بجلی کی کھپت کو پورا کیا گیا اور صنعت کاری و زراعت کے فروغ پر توجہ ہے چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریوں منتقل کررہی ہے۔
مشیر تجارت نے کہا کہ چین کی مارکیٹ تک رسائی مل گئی ہے جبکہ امریکا کینڈا کوریا اسٹریلیا سے مارکیٹ رسائی کے لئے کاوشیں جاری ہیں اور وہ جلد اس حوالے سے امریکا کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ورلڈ بینک کے پاکستان میں تعینات کنٹری ڈائریکٹر پچامٹو الانگو نے ملاقات کی تھی اس دوران ملکی معاشی صورت حال پر بات چیت ہوئی تھی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.