کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے شرح سودکو فوری طور پر کم کر کے 10فیصد سے نیچے لایا جائے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا حکومت سے مطالبہ
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے پیر کو اپنے مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے شرح سودکو فوری طور پر کم کر کے 10فیصد سے نیچے لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کو وسعت دینے اور نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے کاروباری اداروں کو بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا پڑتاہے لیکن شرح سود میں اتنا زیادہ اضافہ ہونے سے کاروباری اداروں کیلئے بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا بہت مہنگا ہو گیا ہے۔ آئی سی سی آئی کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ شرح سود بڑھنے سے ایس ایم ایزشعبے کی کاروباری سرگرمیاں بھی بہت متاثر ہوئی ہیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے دیگر ممالک نے شرح سود کو کم سطح پر برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہونا چاہیے تھا لیکن شرح سود میں اضافے کی وجہ سے برآمداتی شعبے کی کارکردگی بھی بہت متاثر ہوئی۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت برآمداتی شعبے کی مشکلات کو کم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کیلئے شرح سود کو کم کر کے 10فیصد سے نیچے لائے تا کہ کاروباری اداروں کومناسب مارک اپ پر بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں سہولت ہو جس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت بھی بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.