افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے بعد افغانستان کے محمد نبی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، محمد نبی ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
افغانستان اور بنگلہ دیش کے واحد ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے، افغانستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 342 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی تھی، کھیل کے دوسرے دن بنگلہ دیش کی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے اور بنگال ٹائیگر نے 194 رنز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد نبی جب بیٹنگ کے لیے آئے تھے تو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے، انہیں نعیم حسن نے کلینڈ بولڈ کیا تھا۔
محمد نبی نے اپنے کیریئر میں 2 ٹیسٹ میچ کی چار اننگز میں 25 رنز بنائے ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 24 رنز 6.25 کی اوسط سے ہے، وہ 121 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں بھی افغانستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی محمد راشد افغانستان ٹیم کی قیادت کرنے والے سب سے کم عمر ٹیسٹ کپتان بن گئے تھے، اس سے قبل وقار یونس، زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا اور بھارت کے منصور علی خان پٹودی کم عمر ٹیسٹ کپتان رہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر 26 جولائی 2019 کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے، سینئر کھلاڑیوں نے 27 سال کی عمر میں عامر کی ریٹائرمنٹ پر سابق کھلاڑیوں نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.