منفی خبروں میں صداقت نہیں، پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی: پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے تمام تر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا سیریز کے حوالے سے منفی خبریں پھلائی جارہی ہیں، تاہم پی سی بی نے گردش کرنے والی منفی خبریں مسترد کردیں۔
پی سی بی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، ٹکٹس اگلے ہفتے فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔
سیریز سے متعلق تمام تر تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی نے کی، چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹوینٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے، ٹیسٹ میں 13ویں بہترین کھلاڑی ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.