لاہور چیمبر آف کامرس کا مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ کرنے کا مطالبہ
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کو مدنظر رکھتے ہوئے مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ کی جائے تاکہ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو، کاروباری شعبے میں استحکام آئے اورتجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صنعت سازی کا عمل تیز اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتی شعبے کو سستے قرضوں کی فراہمی بہت ضروری ہے لیکن سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی میں مارک اپ کی شرح برقرار رکھ کر امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، کاروباری برادری امید کررہی تھی کہ مارک اپ کی شرح میں کمی کا اعلان کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مارک اپ کی شرح خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پہلے ہی بہت زیادہ ہے جس سے صنعتی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو نہ صرف صنعت اور معیشت کے مسائل مزید بڑھیں گے بلکہ مالی خسارہ بھی بڑھے گا جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان زمینی حقائق کو مدّنظر رکھتے ہوئے مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ کرے ۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.