ہمایوں سعید کا کئی فٹ بلندی سے چھلانگ لگانے کا شاندار مظاہرہ

 پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے اپنی پیرا گلائیڈنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار، ماڈل اور پروڈیوسر اِن دنوں دبئی میں موجود ہیں، انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متحدہ عرب امارات کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

ہمایوں سعید نے پیرا گلائیڈنگ کا شوق پورا کیا اور گزشتہ روز اس کی ویڈیو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’’ایک موقع ایسا آتا ہے کہ جب آپ اپنی زندگی کے اگلا قدم اٹھانے سے خوفزدہ ہوتے ہیں مگر جب آپ چھلانگ لگا دیتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ آپ پہلے سے زیادہ جوان ہیں‘‘۔ انہوں نے ایک بار پیرا گلائیڈنگ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ میرا پہلا تجربہ تھا جو بہت شاندار رہا، اگلی بار اکیلے ہی چھلانگ لگانے کا مظاہرہ کروں گا۔ ہمایوں سعید نے زندگی کا خوش گوار لمحہ ملنے پر دبئی ٹوررازم، دبئی سہولت بازار اور اے آر وائی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر ہمایوں سعید کا ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ قسط وار جاری ہے، جس میں اُن کے ساتھ عائزہ خان اور کبریٰ خان بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

ڈرامے کی کہانی تین کرداروں عائزہ خان، کبری خان اور ہمایوں سعید کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے کی پہلی قسط 17 اگست کو ریلیز ہوئی جس نے شائقین کے دل جیت لیے۔ میرے پاس تم ہو کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دئیے جبکہ اس کی کہانی خلیل الرحمان قمر نے لکھی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اداکار ہمایوں سعید کی چار سال بعد ڈرامہ انڈسٹری میں  واپسی ہوئی، اس سے قبل وہ اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم جوانی پھر نئی آنی اور اس کے سیکوئل میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.