اظہر علی ٹیسٹ اور بابر اعظم ٹی 20 کپتان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت میں ردو بدل کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو جاری پی سی بی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی 20 سے کپتانی سے ہٹا کر ان کی جگہ اظہر علی ٹیسٹ ٹیم اور بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچز میں قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے.
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سرفراز احمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائے گا جبکہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ اور ٹی20 سکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی اور وہ اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کپتانی کے ’اس سفر میں ساتھ دینے پر میں اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
اظہر علی: صرف میچ جیتنے پر ہی فوکس نہیں ہوگا
ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنے پر اظہر علی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’پاکستانی ٹیم کی کپتانی ملنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں جوش و خروش اور خوشی محسوس کر رہا ہوں، اور کوشش کروں گا کہ مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اپنی ٹیم کی مدد سے اس پر پورا اتر سکوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سرفراز احمد نئے کھلاڑیوں کو پالش کرنے اور آگے لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور اس سے آگے کے مراحل بھی بھرپور انداز میں جیتیں۔‘
اظہر علی نے کہا کہ ’آج کل پاکستان کرکٹ ایک نئی انتظامیہ کے زیر سایہ ہے، ایک کپتان کے طور پر میں مطمئن ہوں کہ آگے کے مراحل خوش اسلوبی سے حل ہوں گے کیونکہ یہاں بہت قابل لوگ موجود ہیں جن سے میں رہنمائی لے سکتا ہوں۔‘
اظہر علی کا مزید کہنا تھا کہ صرف میچ جیتنے پر ہی فوکس نہیں ہوگا بلکہ تمام کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع دینا بھی ترجیح ہو گا تاکہ پاکستان پھر سے کرکٹ میں کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔
تبصرے بند ہیں.