دورہ پاکستان کے بعد برطانوی شہزادی کا پہلا انٹرویو
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب کچھ بہت اچھا رہا، دلکش نظاروں کا جواب نہیں ، ایس او ایس ولیج مستقبل کے حوالے سے بچوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے دورہ پاکستان کے بعد سی این این کو پہلے خصوصی انٹرویو میں کہا پاکستان میں سب کچھ بہت اچھا رہا، دلکش نظاروں کا جواب نہیں، پاکستانی لوگوں کی مہمان نوازی، ثقافت نے ہمیں بہت زیادہ متاثر کیا۔
کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ ایس او ایس ولیج دیکھنا چاہتی تھی، میں اپنے شوہر کے ساتھ وہاں گئی، ایس او ایس ولیج مستقبل کے حوالے سے بچوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں، وہاں بہت ساری خواتین موجود تھیں جو بہت ہی مثبت کردار ادا کر رہی تھیں۔
برطانوی شہزادی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، میرے لیے یہ بھی اعزاز کی بات ہے کہ میں نے دورے کے دوران کمیونٹی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔
انٹرویو کے دوران ولیم اور کیٹ نے پاکستان میں قیام کے دوران تعلیم اور آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے متعلق بھی بات کی۔
خیال رہے برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے بعد طیارہ خراب موسم کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہوگیا تھا تاہم پائلٹ انتہائی مہارت سے طیارے کو واپس لاہور ائیرپورٹ پر اتارنے میں کامیاب ہوگیا، شہزادی کیٹ میڈلٹن نے مشکل صورتحال کو ایڈونچر قرار دیا تھا۔
شہزادی کا کہنا تھا کہ طیارہ ہچکولے کھا رہا تھا، رائل ائیرفورس کےعملے نے بہت مہارت دکھائی، ہماراخیال رکھا اور حفاظت سے ہمیں گھرپہنچایا۔
یاد رہے گذشتہ روز برطانوی شاہی جوڑا پاکستان سے خوبصورت یادیں لئے وطن روانہ ہوا تھا، روانہ ہونے سے پہلے شاہی جوڑے کو یادگاری البم بھی دی گئی۔
پانچ روزہ دورے میں شہزاد ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے لاہوراسلام آباد اور چترال کا دورہ کیا، کیلاش کی ثقافت دیکھی اور بادشاہی مسجد بھی گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کی ۔۔
آخری روز بھی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے لاہور کے ایس او ایس ویلیج میں بچوں کے ساتھ وقت گزار، بچوں کے کمرے میں گئے اور خوب گپ شپ لگائی ، شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں کے نائن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔
برطانوی شاہی مہمان پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہو گئے ہیں، دورہ کے آخری تقریب میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں آرمی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور خیبر رائفل ملٹری پوسٹ کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.