لاہورمیں حضرت داتا گنج بخش کے 976 ویں تین روزہ عرس کا آغاز
حضرت داتا گنج بخش کے976ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، صمصام بخاری نے دربار پرحاضری دی اور قبر پر چادر چڑھا کر تقریبات کا آغاز کیا۔
تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش کے976ویں تین روزہ عرس کا آغاز ہوگیا، دودھ کی سبیل، عقیدت مندوں کا اظہار محبت توجہ کا مرکز ہے۔
عرس کی تقریبات کا آغاز دربار پر چادر پوشی کی رسم سے ہوا جس میں صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، صمصام بخاری اور دیگر نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
دربار کے باہر دودھ کی روایتی سبیل کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا، عقیدت مندوں نے ڈھول پر دھمال ڈال کر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
عرس کے موقع پر محفل سماع کا بھی اہتمام ہوگا، تقریبات تین روز جاری رہیں گی، عرس کے موقع پر داتا دربار پھولوں سے سج گیا اور داتا دربار کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ دھمال نے سماں باندھ دیا۔
عرس میں روزانہ ایک لاکھ لٹر دودھ زائرین میں تقسیم کیا جائے گا، مختلف اداروں، صاحب حیثیت اور منتیں پوری ہونے والے افراد کی جانب سے لنگر تقسیم کیا جارہا ہے۔ اتوار کے روز اجتماعی دعا سے عرس کی تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.