دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹی 20 اور ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان ہو گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیسٹ اور ٹی 20 سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابراعظم کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان وکٹ کیپر، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد نواز، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا میں سیریز ہمیشہ بڑی اہم ہوتی ہے اور آسٹریلیا و انگلینڈ میں کارکردگی کو دنیا مانتی ہے اس لئے ہماری خواہش ہے کہ کھلاڑی اچھا کھیلیں۔ آسٹریلیا کو ہرانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ جارحانہ کرکٹ کھیلیں، ہماری سٹریٹجی بھی یہی ہے اور ٹیم کے انتخاب میں یہ چیز ذہن میں رکھی ہے کہ ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکیج رکھیں جو آسٹریلیا کو چیلنج کر سکیں،اور جیت کر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا پیغام بہت واضح ہے کہ ہم نوجوانوں کو موقع دیں گے کیونکہ آپ کو اس قسم کے باﺅلرز اور ٹیلنٹ چاہئے جو اچھی کارکردگی دکھا سکے۔ دونوں سکواڈ ز میں یقینا سینئر کھلاڑی بھی ہیں جو ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آئے ہیں، یہ افواہیں غلط ہیں کہ ہم نوجوانوں کو استعمال کر کے دورہ آسٹریلیا گزارنا چاہتے ہیں ، ہمیں ان نوجوان کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے اور پرامید ہے کہ یہ آسٹریلیا میں کارکردگی دکھائیں گے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.