سری لنکن بولر کا ٹی 20 میں نیا عالمی ریکارڈ

 سری لنکن بولر نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سب سے مہنگی بولنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکن بولر کاسن رجیتھا سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔

فاسٹ بولر کاسن رجیتھا نے آسٹریلیا کے خلاف چار اوورز میں 75 رنز دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، اس سے قبل ترکی کے بولر توران کو سب سے زیادہ ستر رنز پڑے تھے۔

کینگروز بلے بازوں نے کاسن رجیتھا کی خوب دھلائی کی اور میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیل کر رجیتھا کو لائن اور لینتھ بھلا دی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے برعکس مہمان نواز پاکستان ٹیم نے کسی مہمان بولر کی اس طرح پٹائی نہیں کی تھی، سری لنکن بولر نے پاکستان کے خلاف صرف 4.3 کی اوسط سے رنز دئیے تھے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے سری لنکا کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں 134 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی، سری لنکن ٹیم 234 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بناسکی تھی۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 56 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا، وارنر کی دھواں دھار اننگ میں 10 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.