حکومت اور تاجر برادری میں معاہدہ ، تاجروں کا ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان
حکومت اور تاجر برادری میں معاہدہ طے پاگیا ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کا اصل مقصد ہے کہ صاحب حیثیت لوگ ٹیکس دیں اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بڑھایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور تاجر برادری میں معاہدہ طے پاگیا ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تاجروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی، 10 کروڑتک سالانہ سیلزوالوں کوودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنایا جائے گا اور 10 کروڑسالانہ سیل پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کو 1سے 0.5فیصد کردیا گیا ہے۔
مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئےبجلی بل کی حد12لاکھ روپےسالانہ ہوگی، کم منافع ہول سیلرز کیلئے ٹرن اوورکی شرح کا ازسرنو تعین کیا جائے گا ، جیولرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیاد پر حل کئےجائیں گے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ ایف بی آر میں تاجروں کےمسائل پر ڈیسک بنایا جائے گا اور نئی رجسٹریشن کیلئے ٹیکس ریٹرن فارم اردو میں مہیا کیا جائے گا جبکہ شناختی کارڈ کی شرط پرتادیبی کارروائی 31جنوری 2020تک مؤخر کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اصل مقصد ہے کہ صاحب حیثیت لوگ ٹیکس دیں اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بڑھایا جائے، ملک میں اس وقت 40لاکھ کے قریب ٹریڈرزہیں ، صرف 3لاکھ 93ہزار ٹریڈرز ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
مشیرخزانہ نے مزید کہا تاجروں کواعتماد بڑھا کر ٹیکس نیٹ میں لانا چاہتےہیں، وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کا محورپاکستان کے عوام ہیں، معیشت میں تیزرفتاری اور بہتری سے ہی ہم منزل پرپہنچ سکتےہیں، تاجر برادری اور حکومت کا مقصد معیشت کی بہتری ہے۔
حکومت سے معاہدہ طے پاجانے کے بعد تاجر برادری کا ملک بھر میں ہڑتال فوری طورپرختم کرنے کا اعلان کردیا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.