میرین کیبل میں خرابی، پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر

انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس بری طرح سے متاثر ہوئی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مطابق انٹرنیشنل سب میرین میں خرابی کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ براؤزنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ٹی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سب میرین کا فالٹ جلد دور کرنے کے لیے انٹرنیشنل کنسورشیم کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، امید ہے خرابی پر جلد قابو پالیا جائے گا جس کے بعد صارفین بلاتعطل انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے۔

نمائندہ اے آر وائی محمد صلاح الدین کے مطابق زیر زمین انٹرنیٹ کیبل میں فنی خرابی ہونے کے بعد قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے بعد پی آئی اے کا ملک بھر کے ایئرپورٹس پر چیک ان سسٹم بری طرح سے متاثر ہوا جس کے پیش نظر انتظامیہ متبادل سسٹم کے ذریعے مسافروں کا چیک ان عمل کررہی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کا چیک ان مینوئل طریقے سے کیا جارہا ہے، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے اور چیک ان خود کار طریقے سے نہ ہونے کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے پروازوں میں تاخیر ہونے کی صورت میں ایڈوانس معذرت کرلی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.