فضائی مسافروں پر ایئر پورٹ فیس کا نفاذ

سعودی عرب میں ایئرپورٹس پر آنے والے تمام مسافروں سے ایئر پورٹ فیس وصول کرنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ وزارت نقل و حمل کی جانب سے فیس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ عاجل کے مطابق یکم جنوری 2020ء سے مملکت کے تمام ایئر پورٹس پر ایئرپورٹ فیس وصول کی جائے گی جو کہ فی مسافر 10 ریال کے حساب سے ہو گی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے اس فیس کی منظوری دے دی ہے۔عاجل کے مطابق یہ فیس سعودی ایئرپورٹس پر آنے والی پروازوں اور وہاں سے روانہ ہونے والی پروازوں دونوں کے مسافروں سے وصول کی جائے گی۔ کسی مسافر کو اس فیس سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے تاہم ایئر لائنز سٹاف جن میں جہاز کا عملہ ، گراؤنڈ کنٹرول اسٹا ف،ٹیکنیکل اہلکار وغیر ہ شامل ہیں مذکورہ فیس سے مستثنی ہوں گے۔

 شیر خوار بچوں سے بھی یہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ سعودی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے اس حوالے سے تمام فضائی کمپنیوں کو ایک سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام قومی فضائی کمپنیاں اپنے مسافروں سے ایئر پورٹ فیس کی مد میں 10 ریال کی فیس ٹکٹوں کے نرخ میں شامل کر کے وصول کریں۔ وزارت کے مطابق مسافر جس ایئر پورٹ سے پرواز پکڑیں گے اور جس ایئرپورٹ پر اُن کی پرواز اُترے گی، وہاں پر یہ بھی فیس وصول کی جائے گی۔فیس پر 5 فیصد ویلوایڈڈ ٹیکس بھی لگایاجائے گا۔ تاہم وہ ٹرانزٹ مسافر جو ایئر پور ٹ پر اُترے بغیر اگلی منزل کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں ان سے ایئرپورٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ البتہ وہ ٹرانزٹ مسافر جو ایئر پورٹ ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کریں اور دوسری فلائٹ پر جانے کے لیے ایئر پورٹ پر اتریں ان سے فیس وصول کی جائے گی۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.