پاکستان کے محمد آصف نے عالمی سنوکر چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ترکی میں کھیلے جانے والے مقابلے میں پاکستان کے محمد آصف نے فلپائین کے جیفرے روڈا کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ فریمز سے شکست دے کر عالمی سنوکر امیچر چیمپیئن شپ جیت لی ہے۔
محمد آصف نے دوسری بار ورلڈ امیچر سنوکر چیمپیئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل 2012 میں انہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ محمد آصف پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
ان سے قبل محمد یوسف نے 1994ء میں سنوکر کے عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
2004ء میں سابق پاکستانی کھلاڑی صالح محمد نے بھی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی تاہم انہیں انڈیا کے پنکج ایڈوانی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ سنوکر پاکستان کے ان چار کھیلوں میں شامل ہے جن میں وہ عالمی چیمپیئن بنا ہے۔
محمد آصف کا تعلق فیصل آباد کے ایک متوسط گھرانے سے ہے جنہوں نے پڑھائی چھوڑ کر سنوکر کو اپنا کریئر بنایا۔ اس سے قبل جب 2012 میں محمد آصف کا نام عالمی سطح پر آیا تھا تو حکومت پاکستان نے ان کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا تھا تاہم محمد آصف کے مطابق حکومت کی جانب سے وہ محض اعلانات ہی ثابت ہوئے۔
تبصرے بند ہیں.