شومی نے 108 میگا پکسل ، پانچ کیمروں کے ساتھ شومی می سی سی 9 پرو متعارف کرا دیا

شومی نے شومی می سی سی 9 پرو کوباضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ اس فون کی بیک پر 5 کیمرے ہیں۔ ان میں سے مین کیمرہ 108 میگا پکسل کا ہے۔می سی سی 9 پرو میں سنیپ ڈریگن  730 جی چپ  سیٹ ہے، جس میں 2.2 گیگا ہرٹز کی دو پرفارمنس کورز کے ساتھ اوکٹا کور سی پی یو ہے۔
اس فون کا ڈسپلے  6.47 انچ کا ہے، جس کی ریزولوشن فل ایچ ڈی پلس اور ایسپکٹ ریشو 19.5:9 ہے۔ اس فون کے کنارے خمدار ہیں اور اس کی واٹر ڈراپ نوچ میں  32MP F/2.0 کا سیلفی کیمرہ ہے۔
اس فون کا سب سے اہم فیچر اس کا مین  کیمرہ ہے۔ اس فون کی  بیک پر پانچ کیمرے اور 4 ایل ای ڈی فلیش ہیں۔ اس فون کا مین کیمرہ 108 میگا پکسل کا ہے۔ یہ سام سنگ  آئیسو سیل برائٹ ایچ ایم ایکس سنسر ہے۔اسے شومی نے کورین کمپنی  سام سنگ کے ساتھ مل کر بنایا ہے۔اسے پہلے می مکس الفا (Mi Mix Alpha) میں پیش کیا گیا تھا۔ شومی نے اعلان کیا ہے کہ اس فون میں F/1.7 8P  لینز ہے(یہ  صرف پریمیم ایڈیشن میں ہے)۔

یہ دنیا کا پہلا فون ہے، جس میں اس طرح کا لینز ہے۔1/1.33 انچ سنسر کے ساتھ یہ کم روشنی میں بھی بہترین تصاویر بنا سکتا ہے۔ اس فون میں او آئی ایس کے ساتھ ٹیلی فوٹو کیمرہ بھی ہے۔ یہ 5 گنا ڈیجیٹل زوم پیش کرتا ہے، جو 50 گنا تک ہو سکتا ہے۔ فون میں 117 ڈگری فیلڈ آف ویو کے ساتھ 20 میگا پکسل کا کیمرہ بھی ہے۔ یہ دونوں کیمرے 1.5 سینٹی میٹر کے فاصلے سے بھی بہت زیادہ تفصیلات کے ساتھ تصاویر لے سکتے ہیں۔سمارٹ فونز میں اتنے کم فاصلے سے اتنی اچھی تصاویر پہلی بار حاصل کی گئی ہے۔ فون میں ایک دوگنا زوم کے ساتھ 12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ بھی ہے۔

می سی سی 9 پرو میں 5260 ایم اے ایچ کی متاثر کن بیٹری ہے۔ اس فون کی بیٹری 30W PD فاسٹ چارجنگ کی بدولت 30 منٹ میں 58 فیصد اور 65 منٹ میں 100 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے۔ اس فون میں اینڈروئیڈ 9 پائی بیسڈ MIUI 11 انسٹال ہے۔یہ فون اورورا گرین، گلیشیئر اور مڈ نائٹ بلیک رنگوں میں دستیاب ہے۔
یہ فون 6 جی بی ریم / 128 جی بی سٹوریج اور 8 جی بی ریم / 256 جی بی انٹرنل سٹوریج ورژنز میں پیش کیا گیا ہے۔ ان کی قیمتیں بالترتیب 2799 یوان یا 400 ڈالر یا 360 یورو اور 3099 یوان یا 440 ڈالر یا 400 یورو ہے۔ اس کا ایک تیسرا ورژن پریمیم ایڈیشن کے نام سے جاری کیا گیا ہے۔ صرف اس ورژن میں 8P لینز ہے۔اس میں 8 جی بی ریم اور 256 جی بی انٹرنل سٹوریج ہے۔ اس کی قیمت 3499 یوان یا 500 ڈآلر یا 450 یورو ہے۔ چین میں اس کی فروخت کا آغاز 11 نومبر سے ہوگا۔
اپ ڈیٹ: شومی می سی سی 9 پرو پریمیم ایڈیشن کو عالمی مارکیٹ میں شومی می نوٹ 10 اور می نوٹ 10 پروکے نام سے متعارف کرایا جا رہا ہے. ان کی قیمتیں بالترتیب 549 یورو اور 649 یورو ہونگی۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.