پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا

ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا ہے کہ بہتر کاروباری ماحول کے باعث پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا ہے جبکہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔ نیز نئی صنعتوں کے قیام اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کی غرض سے سرمائے کی فراہمی کیلئے سٹاک مارکیٹ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس سلسلہ میں سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی(سی ڈی سی) کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کو کسی بھی ملک کی معیشت کوماپنے کیلئے بیرو میٹر کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی فیصلوں کے نتیجہ میں فوری طور پر سٹاک مارکیٹ میں مندے یا تیزی کے رجحان سے ان فیصلوں کی اہمیت اور ان کے دور رس نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے سرمایہ فراہم ہوتا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہیں بھی سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی کھولی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی پانچ بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے صو بائی دارالحکومت میں کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے تاجر برادری اور شرکا کو شیئرمارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور افادیت کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس سے وہ منافع بخش سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سرمائے کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنا سکیں گے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.