چین میں کرونا وائرس: 10 دنوں میں بڑا اسپتال تعمیر ہوگا

چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 80 ہو گئی، امریکا میں بھی کرونا وائرس کا پانچواں کیس رپورٹ

چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 80 ہو گئی، چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے اب تک 2700 افراد متاثر ہو چکے ہیں، متاثرہ افراد کے لیے ووہان میں ایک بڑے اسپتال کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے جو محض دس دنوں میں مکمل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مہلک وائرس کرونا نے چین میں 80 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب تک ڈھائی ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، چینی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ چین کو انتہائی خطرناک صورت حال کا سامنا ہے۔

امریکا میں بھی کرونا وائرس کا پانچواں کیس رپورٹ ہو گیا ہے، سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ کیسز میں آنے والے دنوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے چین میں مقیم امریکی شہریوں کو جلد چین سے نکلنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، فرانس میں بھی 3 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چینی شہر ووہان سے پھیلنے والے کرونا وائرس سے تاحال 11 ممالک متاثر ہو چکے ہیں، چین کے علاوہ دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے۔

ادھر چینی حکام نے وائرس کی روک تھام کے لیے ملک میں بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دیے ہیں، چین کے 13 شہروں سے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں سے باہر نہ نکلیں، تاکہ وائرس پھیلنے سے روکا جا سکے، چین نے مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کو جنگلی جانوروں کی فروخت بھی روک دی ہے۔

چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی تعداد کے پیش نظر ایک بڑے اسپتال کی ہنگامی تعمیر بھی 24 جنوری سے شروع کر دی گئی ہے، جو 100 بستروں پر مشتمل ہوگا، یہ اسپتال 3 فروری تک مکمل ہو جائے گا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.