نواز شریف کو جلد اسپتال میں داخل کیا جائے گا، ڈاکٹر عدنان

میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں نوازشریف کو اسپتال میں داخل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ کارڈیک پی ای ٹی اسکین میں دل کی پیچیدہ بیماری کی تشخیص ہوئی۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں نوازشریف کو اسپتال میں داخل کیا جائے گا، دل کی شریانوں میں بندش ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جائے گا، کارڈیو ویسکولر ٹیم نے آپریشن کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے قائد کے بیٹے حسین نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اسپال میں داخل کیا جائے گا جہاں اینجوگرام کے ذریعے دل کی بند شریانوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

حسین نواز کا کہنا تھا کہ انجیوگرام ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی ادویات کا گردوں پر اثر پڑتا ہے، گردوں میں تکلیف پر شریانوں کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی مقدار کو کم رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سابق وزیراعظم نوازشریف اپنے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ ایئر ایمبولینس میں علاج کے لیے لندن پہنچے تھے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.