کورونا وائرس کی وجہ سے چین کی اسٹاک مارکیٹ میں مندی

کورونا وائرس کے خدشات کے باعث چین کی اسٹاک اور فیوچر مارکیٹس میں شدید مندی کا رجحان ہے۔

ماہرین معیشت کے مطابق شیئرز بیچنے والوں کی جانب سے تاخیر اور خریداری میں دقت ہونے کے باعث چین کی معیشت گراوٹ کا شکار ہے۔

چین میں شنگھائی کمپوزِٹ اور شینزن کمپوننٹ انڈیکس آٹھ، آٹھ فیصد گرا ہے۔

اسٹاک کے ساتھ ساتھ چین کی کموڈیٹی مارکیٹ میں بھی فروخت کا رجحان ہے، جبکہ کورونا وائرس کے خوف سے نہ صرف خام تیل بلکہ دھاتوں کی قیمتوں میں کمی کارجحان ہے۔

مارکیٹ کی صورتحال کے پیشِ نظر پیپلز بینک آف چائنا نے ریپو ریٹ میں دس بیسز پوائنٹس کمی کی ہے اور مارکیٹ کو 1200 ارب یوآن تقریباً 174 ارب ڈالر فراہم کئے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سےمجموعی طور پر پوری دنیا میں 362 اموات ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 57 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد چین میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 361 ہو گئی، جبکہ اب تک 24 ممالک میں کوروناوائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

چین کے علاوہ دیگر ممالک میں150 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ چین کے بعد سب سے زیادہ کورونا وائرس کے20 کیسز جاپان میں رپورٹ ہوئے اور تھائی لینڈ میں کورونا کے 19 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 11 ہوگئی ہے جبکہ چین سے فرانس پہنچنے والے 254 افراد میں سے 36 میں کورونا وائرس کی علامات موجود ہیں۔

یہ تعداد 2002 سے 2003 کے درمیان چین میں سارس کی وبا سے مرنے والوں کی تعداد سے زیادہ ہے، سارس کی وبا سے چین میں 349 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 2 ہزار 829 نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 200 سے زائد ہو گئی ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.