ہمایوں سعید کی مقبول ترین شو ’’منی ہائسٹ‘‘ میں کام کرنے کی وضاحت
اداکار ہمایوں سعید نے نیٹ فلکس کے مقبول ترین اسپینش شو ’’منی ہائسٹ‘‘ میں کام کرنے کی تردید کردی۔
پچھلے دنوں سوشل میڈیا پرچلنے والی اس خبر نے ہنگامہ مچادیا تھا کہ ہمایوں سعید نیٹ فلکس کے مقبول ترین اسپینش شو ’’منی ہائسٹ‘‘ کے سیزن 4 میں شو کے مرکزی اداکا ر’’پروفیسر‘‘ کے کردارمیں نظرآئیں گے۔ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ہمایوں سعید نے حال ہی میں شو کے پروڈیوسر الیکس پینا سے اس سلسلے میں ملاقات کی ہے۔
اس شو کو دنیا بھر میں لوگوں نے اس حد تک پسند کیا کہ شاہ رخ خان نے اس کے حقوق خرید لیے ہیں اوروہ اس پر بالی ووڈ فلم بنائیں گے۔ لہذا جب لوگوں نے سنا کہ ہمایوں سعید ’’منی ہائسٹ‘‘ سیزن 4 میں کام کررہے ہیں تو پاکستانی مداحوں نے نہایت خوشی اور حیرانی کا اظہار کیا۔
تاہم ہمایوں سعید نے گزشتہ روز ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے صرف مذاق قرارد یا اورکہا کہ انشااللہ ہم اپنا ’’منی ہائسٹ‘‘ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ ’’منی ہائسٹ‘‘ کا اسپینش نام ’’لاکاسا دی پیپل‘‘ ہے تاہم یہ نیٹ فلکس پر’’منی ہائسٹ‘‘ کے نام سے مشہور ہوا۔ یہ ایک کرائم ڈراما سیریزہے جس میں ’’پروفیسر‘‘ نامی شخص 8 لوگوں کو دنیا کی سب سے بڑی چوری کرنے کی ٹریننگ دیتا ہے۔ اس شو کے اب تک 3 سیزن منظر عام پر آچکے ہیں جنہوں نے نیٹ فلکس پر بے تحاشہ مقبولیت حاصل کی اور اب شائقین چوتھے سیزن کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.