بھارت: کرونا کے مشتبہ مریض نے آئسولیشن وارڈ سے کود کر خودکشی کر لی
پڑوسی ملک بھارت میں کرونا وائرس سے خوف زدہ مریض نے رپورٹ آنے کا بھی انتظار نہیں کیا اور ساتویں منزل پر بنے آئسولیشن وارڈ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی میں کرونا کے ایک مشتبہ مریض نے اسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی، مریض کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا اور کرونا کے ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا تھا۔
بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والا مشتبہ مریض ایک برس سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رہایش پذیر تھا، اسے دہلی پہنچنے کے فوراً بعد صفدر جنگ اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا، جہاں اس کے خون کے نمونے لے کر کرونا ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے، تاہم مشتبہ مریض نے آئسولیشن کے خوف سے وارڈ میں لائے جانے کے کچھ ہی دیر بعد دروازہ کھولا اور ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 3 ہو چکی ہے جب کہ 174 لوگ وائرس سے متاثرہ ہیں۔
گزشتہ روز بھارت میں ریاستی حکومت نے کرونا وائرس کی وبا میں مبتلا افراد کے ہاتھوں پر اسٹمپ لگانے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد وائرس میں مبتلا افراد کی شناخت کرنا ہے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے یہ انوکھا اقدام عالمی وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کےلیے اٹھایا ہے، اسٹمپ وائرس میں مبتلا ان افراد کے ہاتھوں پر لگائی جائے گی جنہیں گھروں میں قرنطینہ کیا جائے گا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.