جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو بھارت سے واپسی پر آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ
دورہ بھارت منسوخ کر کے وطن لوٹنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 14 روز کے لیے سیلف آئیسولیشن میں رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس سے باعث جنوبی افریقی ٹیم دورہ بھارت منسوخ کر کے وطن لوٹ رہی ہے، جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے میڈیکل آفیسر شعیب مانجرا نے تمام کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے سیلف آئیسولیشن میں رہنے کی تجویز دی تھی۔
میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ ہم نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وطن واپسی پر کم از کم 14 روز خود کو آئیسولیٹ کر لیں اور سماجی میل جول کم کریں تاکہ مہلک وبا سے محفوظ رہا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلف آئیسولیشن کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا کی علامات یا تشویش کے دیگر عوامل سامنے آئے تو ان کی فوری طور پر تحقیقات کی جائیں گی اور دستیاب سہولیات کے مطابق انہیں ٹریٹ کیا جائے گا۔
جنوبی افریقی ٹیم نے 12 سے 18 مارچ کے دوران بھارت کے خلاف 3 ون ڈے میچز کھیلنے تھے، دھرمشالا میں پہلے ون ڈے میچ کے بعد بھارتی بورڈ نے کورونا وائرس کے خطرات کے باعث سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام تر کرکٹ کی سرگرمیاں 2 ماہ کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں اور کھلاڑیوں کو مہلک وبا سے بچنے کے لیے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.