وہ ملک جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی اموات کی شرح آدھے فیصد سے بھی کم، اس وائرس کو کیسے شکست دی جارہی ہے؟ حیران کن تفصیلات

مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی شرح مختلف سامنے آ رہی ہے۔ چین میں یہ 4فیصد، فرانس میں 2.9فیصد اور برطانیہ میں 3.9فیصد ہے جبکہ اٹلی میں یہ شرح سب سے زیادہ 8.3فیصد ہو چکی ہے۔ ایسے میں جرمنی ایک ایسا ملک ہے جہاں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح حیران کن طور پر چوتھائی فیصد سے بھی کم، یعنی 0.18فیصد ہے۔ ماہرین نے جرمنی میں ہلاکتوں کی شرح اتنی کم ہونے کی ممکنہ وجوہات بھی بیان کی ہیں جن پر عمل کرکے باقی ملک بھی شرح اموات کو نیچے لا سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق جرمنی میں اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11ہزار تک پہنچ چکی ہے مگر وہاں صرف 20اموات ہوئی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمنی میں شرح اموات اتنی کم ہونے کی وجہ مریضوں میں وائرس کی جلدی تشخیص اور ہسپتالوں میں مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں بستر میسر آنا ہے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی شرح اس لیے بھی زیادہ ہو رہی ہے کہ وہاں ایک لحاظ سے طبی نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور مریض بغیر علاج کے مر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کو مریضوں میں سے انتخاب کرنا پڑ رہا ہے کہ کسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں بیڈ دیں اور کسے مرنے کے لیے چھوڑ دیں، جبکہ جرمنی میں ایک طرف ٹیسٹ بروقت کیے جا رہے ہیں جس سے لوگوں میں علامات سنگین ہونے سے پہلے ہی وائرس کی تشخیص ہو رہی ہے اور دوسری طرف ہر سنگین نوعیت کے مریض کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں شرح اموات اتنی کم ہے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت کے ماہر رچرڈ پیباڈی کا کہنا ہے کہ ”جرمنی میں شرح اموات کم ہونے کی ان دو کے علاوہ دیگر کئی وجوہات بھی ہو سکتی ہیں جن کے متعلق فی الوقت معلوم نہیں۔ ہم اس وقت حتمی طور پر کچھ نہیں بتا سکتے کہ جرمنی میں شرح اموات کیوں کم ہے۔ شاید مختلف عوامل کا امتزاج فی الحال اس کا بہتر جواب ہو سکتا ہے۔“

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.