ورلڈ کپ، سینیگال نے پولینڈ کو حیران کردیا، 2-1سے کامیاب
پولش کیپر کی غلطی اور کھلاڑی تھیاگو سیونک کے اون گول کی بدولت سینیگال نے فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے اپنے پہلے میچ میں پولینڈ کو 1-2 گول شکست دے دی۔ ماسکو کے اسپارٹک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آخری منٹوں تک سینیگال کو دو صفر سے سبقت حاصل تھی ۔ پولینڈ کا واحد گول مڈ فیلڈر گرزیگورز کریچوئک نے 86ویں منٹ میں کیا۔ سینیگال کے دونوں گولز میں حریف ٹیم نے کردار ادا کیا۔ پولینڈ کے کھلاڑی سیونک نے غلطی سے گیند اپنے ہی گول میں پہنچادی جس کی بدولت 37ویں منٹ میں سینیگال کو پہلا گول ملا۔60 ویں منٹ میں پولینڈ کے گول کیپر کی غلطی کے باعث سینیگال اپنی سبقت دوگنی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ سینیگال اپنا اگلا میچ جاپان کے خلاف کھیلے گا جس نے کولمبیا کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ پولینڈ اپنا اگلا میچ کولمبیا کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل ایشین سپر پاور ٹیم جاپان نے کولمبیا کی مضبوط ٹیم کو 1-2 ہرا کر میگا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ گروپ ایچ کے میچ میں جاپان اور کولمبیا مدمقابل آئے تاہم کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں کولمبیا کو بڑا دھچکا
اس وقت لگا جب ریفری نے جاپان کے کھلاڑی شنجی کاگاوا کا شاٹ اپنے ہاتھ سے روکنے پر کولمبیا کے اہم مڈفیلڈر کارلوس کو ریڈ کارڈ دکھا کر گرائؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔1986 ورلڈ کپ کے بعد یہ کسی کھلاڑی کو دکھایا جانے والا تیز ترین ریڈ کارڈ ہے ۔ 1986 میں کھیل کے 54 ویں سیکنڈ میں یوروگوائے کے جوز البرٹو بتیستا کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔ کولمبیا کو بقیہ پورا میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا ۔ کارلوس کے ریڈ کارڈ کے عوض جاپان کو پینلٹی کک دی گئی جس پر جاپانی مڈفیلڈر شنجی کاگاوا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ ابتدائی طور پر دھچکا لگنے کے باوجود کولمبیا کے کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری ۔ 39 ویں منٹ میں مڈفیلڈر یوآن فرنینڈو کوئنٹیرو نے فری کک پر گول کرکے جاپان کی سبقت ختم کردی۔ 73 ویں منٹ میں اسٹرائیکر یویا اوساکو نے فیصلہ کن گول کرکے جاپان کی فتح پر مہر لگادی۔
Email This Post