سابق ہاکی اولمپیئن طاہر زمان نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کہا ہے کہ آئندہ سال ہونے والے اولمپکس کے تناظر میں پروہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اور اس سنہری موقع کو گنوانا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیگ ہمارے پاس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا بہترین موقع بھی ہے ۔ طاہر زمان نے واضح کیا کہ نئے کھلاڑیوں سے ہمیں یہ امید نہیں کرلینی چاہیے کہ یہ فوری نتائج دینا شروع کردیں گے، ہمیں صبر اور ان کو سپورٹ کرکے وقت کا انتظار کرنا ہوگا۔بیلجیئم کی مثال ہمارے سامنے ہے، اس نے 12 برس پہلے ٹیم کی تشکیل شروع کی اور 12ویں پوزیشن سے وہ اب ورلڈ چیمپیئن بن چکاہے، اسی طرح روایتی حریف ہند نے اپنی ہاکی پرسرمایہ کاری کی اور 5 بہترین ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکا ہے ۔ غیر ملکی کوچز کے سوال پر طاہر زمان نے کہا کہ پارٹ ٹائم کوچز کو لانے میں کوئی حرج نہیں جبکہ ٹیم انتظامیہ کی طویل عرصے کیلئے تقرری بہت ضروری ہے، جس سے کوچز بھی اعتماد کے ساتھ کام کرسکیں، لڑکوں کو بھی پتہ ہو کہ ہمیں ان ہی لوگوں کے ساتھ کام کرنا ہے۔ باربار تبدیلیوں سے فائدہ کم جبکہ نقصان بہت زیادہ ہوتا ہے ۔