پہلا ون ڈے: آسٹریلیا نے بھارت کو 34رنز سے ہرادیا
رچرڈسن کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں بھارت کو 34رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔
روہیت شرما کی سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آئی، دھونی نے کیریئر کے دس ہزار رن بنا کر میچ کو یادگار بنایا لیکن میچ پھر بھی بھارت کے ہاتھ نہ آیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 288رنز بنائے۔
ہینڈزکومب 73، عثمان خواجہ 59، شان مارش 54 اور اسٹوئنیس 43رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار اور کلدیپ یادیو نے دو، دو جبکہ رویندرا جدیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں بھارت کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 254رنز بناسکی۔
روہیت شرما نے 6 چھکوں اور 10چوکوں کی مددسے شاندار سنچری اسکور کی، جو ایک روزہ میچوں میں اُن کی 21 ویں سنچری ہے، دھونی نے بھی 51رنز کی اننگز کھیل کر ایک روزہ میچوں میں اپنے دس ہزار رنز مکمل کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈ سن سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 26رنز دے کر چار وکٹیں لیں جبکہ بہرینڈورف اور اسٹوئنیس نے دو، دو اور سڈل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 15جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلاجائے گا۔
Email This Post