پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک میں قطر نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق دوحہ حکومت گوادر میں سرمایہ کاری کے ذریعے سی پیک میں شامل ہوگی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے متحرک ہوگیا ہے اور اس حوالے سے گوادر میں رقم لگانے کا عندیہ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قطر گوادر میں فروزن فوڈ کےلئے اسٹوریج فیسیلٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے نہ صرف اپنی ملکی ضروریات پوری کرے گا بلکہ ساتھ ہی خطے کی ترقی میں اپنا کردار بھی ادا کرسکے گا۔ ذرائع کے مطابق قطر نیسپاک کے ساتھ بھی مل کر کام کرے گا۔ اینگرو پولی تھین اور پولیمر کے پلانٹس قطر کے ساتھ مل کر لگائے جائیں گے، امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے خطے میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ساتھ ہی سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔