دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے معروف ترین انٹرنیٹ سرچ انجن نے راتوں رات امریکی ڈالر کے مقابل میں پاکستانی روپے کی قدر حیرت انگیز طور پر بڑھا دی۔ ذرائع کے مطابق غلطی کے بعد سوشل میڈیا پر اس موضوع پر غیر معمولی پوسٹیں نظر آئیں، تاہم الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر خبریں چلنے کے چند گھنٹے بعد گوگل کی جانب سے غلطی درست کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گوگل کے سرچ انجن پر امریکی ڈالر کے علاوہ یورو، ریال اور اماراتی درہم سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے ریٹس بھی غلط دکھائے گئے۔ مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 139 روپے چل رہی ہے تاہم گوگل کے سرچ انجن پر صرف 76.25 روپے دکھائی گئی۔ علاوہ ازیں اماراتی درہم 20.76 روپے، سعودی ریال 20.33 پیسے اور ایک یورو 87.3 پیسے کا نظر آیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل کے کرنسی کنورٹر پر پاکستانی روپے اور دیگر کرنسیوں کے شرح مبادلہ کے غلط نتائج پروگرامنگ کی غلطی کا نتیجہ ہوسکتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگ تجسس میں مبتلا ہوگئے اور ڈالر رکھنے والے افراد کو ایک لمحے میں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔