پی ایس ایل فور، شائقین کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی بھرپور ایکشن کے منتظر
پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا برینڈ بن گیا ہے شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی پی ایس ایل کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 14 فروری سے پی ایس ایل کے سیزن فور کا آغاز ہونے جارہا ہے، شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی پی ایس ایل کے سحر میں مبتلا ہیں۔
سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ملک کا مثبت پہلو بحال کرنے کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے سب کو چاہئے کہ قومی ایونٹ کو بھرپور سپورٹ کریں۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کراچی کنگز میری جان ہے، کراچی میرا شہر ہے کراچی کنگز ہماری ٹیم ہے اور میری نیک خواہشات کے کراچی کنگز کے ساتھ ہیں۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ کراچی کنگز ایونٹ میں اچھا پرفارم کرے، شائقین کرکٹ کو جیت کا جشن منانے کا موقع فراہم کرے گی اور کراچی میں ہی فائنل جیتے گی۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم مضبوط ہے امید ہے فائنل کھیلے گی، انشاء اللہ کراچی کنگز عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔
پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Email This Post