دفترخارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کا باضابطہ اعلان کردیا
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، دورے میں متبادل توانائی، اندرونی سیکیورٹی، میڈیا، ثقافت اور کھیل کے شعبے میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا سعودی ولی عہد محمدبن سلمان 16 فروری کوپاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کو دورے کی دعوت وزیراعظم عمران خان نے دی، سعودی ولی عہدحکومت میں اہم ذمہ داریوں پر براجمان ہیں، وہ سعودی عرب کے وزیردفاع اور کونسل آف منسٹر کے وائس پریذیڈنٹ بھی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہدکےوفدمیں اہم شخصیات شامل ہوں گے، وفدمیں سعودی رائل فیملی کےافراداہم وزرا اور تاجر شامل ہوں گے، یہ سعودی ولی عہد کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ پاکستان ہے۔
ترجمان نے کہا سعودی ولی عہد صدر مملکت ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ سینیٹ کا ایک وفد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کرےگا۔
دفترخارجہ کا کہا تھا کہ وفدشامل سعودی وزرا اپنے پاکستانی ہم منصب وزراسےملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کےتاجرمختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت کریں گے، ملاقاتوں میں سرمایہ کاری کوفروغ دینےسےمتعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ دورے میں متبادل توانائی، اندرونی سیکیورٹی، میڈیا، ثقافت اورکھیل کے شعبے میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوں گے اور دونوں ممالک باہمی تعاون میں تیزی اور کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر میکنزم بھی تیار کریں گے۔
ترجمان نے کہا سعودی ولی عہدکےدورےسےباہمی تعاون کومزیدوسعت اورفروغ ملےگا۔
یاد رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر تاریخی استقبال کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔
صدر مملکت عارف علوی بھی سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جبکہ ایوان صدر میں ثقافتی پروگرام بھی سجے گا۔
سعودی ولی عہد کے قیام و طعام کا مکمل بندوبست وزیر اعظم ہاؤس میں کیا جا رہا ہے ، کھانے پینے کی اشیاء بھی سعودی عرب سے لائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب سعودی آرمی اور اسلامی فوجی اتحاد کے 235اراکین پر مشتمل دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے، سعودی ولی عہد کے ساتھ ایک سو تیس شاہی گارڈز بھی آئیں گے جبکہ اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈز ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔
سعودی ولی عہد کے ہمراہ 40 سعودی کاروباری شخصیات بھی پاکستان آئیں گی، یہ وفد مقامی کاروباری شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کرے گا، جس سے دورے کے دوران نجی سطح پر بھی کچھ معاہدے متوقع ہیں۔
خیال رہے شہزادہ محمد بن سلمان دورہ جہاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دورکا آغاز ہے ، وہیں پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بھی اہم سمجھا جارہا ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.